عالمی عدالت انصاف جانے پر غور کریں گے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ دورے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرنا چاہتا تھا لیکن اب ہم عالمی عدالت انصاف جانے پر غور کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 15 اگست کو اس اقدام کا اعلان کریں گے، ہم عالمی عدالت انصاف میں جانے سمیت دیگر پہلوؤں پر بھی غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی سلامتی کونسل کے صدر سے جلد ملاقات کریں گی جبکہ موجودہ صورتحال میں امریکا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ہم امریکی صدر سے رجوع کرنے پر بھی مشاورت کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے آئینی ترامیم سے مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ بھارت نے کشمیر کے معاملے کو مزید الجھا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎بھارت نے اقوام متحدہ میں کیے گئے وعدے کی خلاف ورزی کی ہے اور کشمیر کے معاملے پر جو آئینی ترامیم کی گئی ہیں ان کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں تھا۔ کشمیر کی عوام نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کی کھل کر مخالفت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ: راجیہ سبھا نے بل منظور کر لیا

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام خطے کی سلامتی کو تباہ کر دے گا جبکہ آئینی ترامیم سے بھارت عوامی رائے عامہ کو تبدیل نہیں کر سکتا، پاکستان کی خواہش تھی معاملے کو مل بیٹھ کر حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کوئی ترمیم بدل نہیں سکتی، دنیا کے سامنے بھارت کے مقاصد بے نقاب ہو گئے ہیں اور مسلم امہ کو بھارت کے اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں