’بھارت نے کشمیر میں ہر گھر کے باہر 10 فوجی کھڑے کردیے‘

توانائی کے شعبے میں ترکی کا ماڈل اپنایا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں ہر گھر کے باہر 10 فوجی کھڑے کردیئے ہیں اور وہاں کی عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے یکجہتی کا پیغام وقت کی اشد ضرورت ہے اور کشمیر کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستانی قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے اور وہاں کی عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنی ہے۔

مزید پڑھیں: بی جے پی نے پاکستان دشمن پالیسی کا آغاز کردیا، نعیم الحق

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر پر مختلف سربراہان سے رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ سمجھتا ہے کہ پاکستان کشمیر کی لڑائی لڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قرارداد پر حزب اختلاف کی خواہشات کا احترام کرتے ہیں، امید ہے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دوٹوک مؤقف سامنے آئےگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماوؤں نے پاکستان کے بیانیے کی حمایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں اقوام متحدہ کا نمائندہ خصوصی تعینات کیا جائے:پاکستان

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارتی اقدام کی مذمت کرنی ہے جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بے توقیری پربھارت سے سوال کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو ڈٹ کر بیان کریں گے، کوشش ہے متعلقہ فورمزتک ہماری آواز پہنچے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری رگوں میں خون بن کر دوڑتا ہے اور اس پر حزب اختلاف اور حکومت ایک صفحے پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر پر مشترکہ قراردادمنظور کرے۔


متعلقہ خبریں