کراچی کی صفائی کے لیے سیاسی حریفوں نے ہاتھ ملا لیا

کراچی کے کچرے پر فریقین کی الزام تراشیاں

فوٹو: فائل


کراچی: کچرے سے اٹے روشنیوں کے شہر کی صفائی کے لیے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی سے رابطہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے صوبائی وزیر بلدیات کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے رابطے کو کراچی کی صفائی میں اہم پیشرفت اور شہر قائد کے رہائشیوں کے لیے خوشخبری قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کو پائیدار بنانے میں صوبائی حکومت کا ساتھ ملنا احسن اقدام ہوگا۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی کی صفائی ستھرائی کے لیے صوبائی حکومت بھرپور مدد کرنے کو تیار ہے۔ شہرِ قائد کی صفائی شروع کرنے کے ہمارے اقدام کے بعد سندھ حکومت بھی ہمارے ساتھ صفائی میں شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ میئر وسیم اختر نے کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاق کو خط لکھا تھا جس کے بعد میں خود کراچی گیا اور معاملات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست اپنی جگہ ہے مگر سندھ حکومت اور وفاق کا روشنیوں کے شہر میں صفائی کے لیے ایک پیج پر ہونا شہریوں کے لیے بہت خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اب کچرہ اٹھانے پر لگ گئے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل میئر کراچی وسیم اختر نے علی زیدی کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے وزیر برائے بحری امور کو کراچی سے متعلق اپنی پریشانیوں سے آگاہ کیا تھا اور بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مدد طلب کی تھی۔


متعلقہ خبریں