مودی کے کشمیر پر فیصلہ کے سنگین نتائج برآمد ہونگے، راہول گاندھی


نئی دہلی: کانگریسی رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکار کی طرف سے کشمیر پر یکطرفہ فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ  قوم زمین کے یکطرفہ ٹکڑے کرنے، منتخب نمائندوں کو جیلوں میں ڈالنے اور آئین سے انحراف کرنے سے نہیں بلکہ افراد سے بنتی ہے۔

راہول گاندھی نے مزید کہا کی ایگزیکٹیو اختیارات کے غلط استعمال سے بھارت کی قومی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکطرفہ طور پر کشمیر کے ٹکڑے کرنے سے بھارت کی قومی یکجہتی مضبوط نہیں ہو گی۔

اس سے قبل  بھارت  میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی  جماعت کانگریس نے بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو ملک کی آئینی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا تھا۔

کانگریس کے سینئر رہنما پی چدم بر نے دہلی میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ ہندوستان کی آئینی تاریخ کا سیاہ دن ہے اور یہ  ملک کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا آغاز ہے۔


متعلقہ خبریں