کراچی میں ڈینگی بخار سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 255 نئے کیسز رپورٹ

فوٹو: فائل


کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی بخار سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ 

محکمہ صحت کے ذرائع نے ہم نیوز کے بتایاہے کہ رواں سال اب تک مختلف اسپتالوں میں ڈینگی بخار کے 1072 کیسسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 1014 افراد کا تعلق کراچی شہر سے ہے۔

گزشتہ ماہ کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 815 تھی۔ ایک ماہ میں 200 سے زائد کیسسز سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ماہرین کا کہناہے کہ اگست سے دسمبر کے درمیان ڈینگی کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس موسم میں شہریوں کو بہت زیادہ احتیاط کا مشورہ دیا گیاہے۔

قومی ادارہ صحت کےمطابق پاکستان میں ہر سال ڈینگی اور چکن گونیا کے کیسز رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔ ڈینگی  بخار اورچکن گونیا جیسے امراض دراصل ایک خاص قسم کے مادہ مچھر ایڈیز(aedes) سے پھیلتے ہیں۔

اس مچھر کی پہچان یہ ہے کہ اس کے جسم پر سیاہ اور سفید رنگ کی دھاریاں ہوتی ہیں یہ رکے ہوئے صاف پانی میں افزائش پاتا ہے۔اس کے کاٹنے کے اوقات طلوع اور غروب آفتاب کے آس پاس کے ہیں۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق ڈینگی بخار کی وجہ سے ہرسال دنیا بھر میں لگ بھگ 22ہزار لوگ ہلاک ہوجاتے ہیں۔

پاکستان میں 2018 میں ڈینگی بخار کے 3024کیسز رپورٹ کیے گئے تھے۔ اسی طرح چکن گونیا کے 2017میں صوبہ سندھ سے مختلف کیسز سامنے آئے تھے ۔

یہ بھی پڑھیے:قومی ادارہ صحت نے 3خطرناک بیماریوں سے متعلق خبردار کردیا


متعلقہ خبریں