پاکستان ریلوے کراچی کے سب سے بڑے منصوبے سے پیچھے ہٹ گیا


کراچی: پاکستان ریلوے کراچی کے بڑے منصوبے(میگا پراجیکٹ )کراچی سرکولر ریل یعنی کے سی آر سے پیچھے ہٹ گیاہے ۔ ڈی ایس ریلوے نے سپریم کورٹ میں یہ کہہ کر جان چھڑالی کہ منصوبہ چین پاک اقتصادی راہداری( سی پیک) میں شامل ہوگیاہے اور ٹریک پر گرین لائن کا منصوبہ کھڑا ہوچکا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سرکلر ریلوے کی بحالی ، تجاوزات اور دیگر معاملات پر اہم ترین کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈی ایس ریلوے نے عدالت میں بتایا کہ ہم سرکلر ریلوے نہیں چلاسکتے۔ اس کے ٹریک پر گرین لائن منصوبہ کھڑا ہوچکا ہے۔

عدالت نے سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔

جسٹس گلزار احمد نے دریافت کیا کہ ریلوے کی زمین سے تجاوزات کا خاتمہ ہوا یا نہیں؟  پندرہ دن کی مہلت دی تھی اب ایک ماہ گزر چکا ہے۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ 43 ایکڑ اراضی میں سے 38 ایکڑ زمین خالی کرالی گئی ہے۔سٹی اسٹیشن سے ڈرگ روڈ اسٹیشن تک تجاوزات موجود ہیں۔سندھ حکومت کے کہنے پر سرکلر ریلوے کا منصوبہ سی پیک میں شامل کرلیا گیا ہے۔

جسٹس گلزار احمد  نے ریمارکس دیئے آپ کو ابھی تک پتہ ہی نہیں کہ آپ کیا کہنا چاہتے ہیں۔اصل  تجاوزات (انکروچمنٹ )تو گلشن اقبال کے علاقے میں ہیں ۔ ہم نے سرکلر ریلوے کے ساتھ لوکل ٹرین بھی بحال کرانے کا حکم دیا تھا ۔آپ لوگ اسلام آباد صرف تقریر کرنے آتے ہیں آپ سے کام وام کچھ نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیے: سپریم کورٹ کا کراچی سرکلر ریلوے ایک ماہ میں چلانے کا حکم


متعلقہ خبریں