بھارت نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ پر حملہ کیا، بلاول بھٹو



پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اسٹیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرکے بھارت نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ پر حملہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے اقدام سے جمہوریت، گاندھی اور جموں و کشمیر کی تاریخ  پر حملہ کیا ہے۔

پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سب نے دیکھا کہ معصوم لوگوں کو کیسے نشانہ بنایا گیا،ہم نے دیکھا کہ کشمیر میں کیسے بھارتی فوج نے مظالم کئے،بھارت نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ پر حملہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی فوج نے معصوم شہریوں پر کلسٹر بموں سے حملہ کیا، کشمیر میں لوگوں کو نظر بند کر دیا گیا ہے، یہ انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے جو مودی سرکار کی طرف سے کی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم شدت پسندی کو فروغ دے رہا ہے، مودی کا اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور پاکستان کو نریندر مودی کوخبردار کرنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے ایوان میں مطالبہ کیا کہ پاکستان کو کشمیر کے معاملے پر ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔ پاکستان کو کوشش کرنا ہوگی اقوام متحدہ جا کر قراردادوں پر عملدرآمد کرائے،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خصوصی کمیشن سے تحقیقات کرائی جائیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری جانب سے اس معاملے پر کوئی پالیسی بیان نہیں آیا، حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی قانون سازی نہیں کی گئی یہ نہایت افسوسناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جب پارلیمان کا اجلاس شروع ہوا تو نہ وزیراعظم موجود تھے اور نہ ہی وزیر خارجہ ۔ اپوزیشن نے وزیراعظم کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کے لیے وزیر خارجہ موجود نہیں ہیں۔ میں حمایت کرونگا شیریں مزاری کی کہ وہی وزیر خارجہ بن کر پاکستان کا موقف پیش کر دیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اس معاملے پرمحض  ٹویٹس اور روایتی بیان بازی سے کام نہیں چلے گا۔ ہم وزیراعظم عمران سے امید کر رہے ہیں کہ اس معاملے پر وزیر اعظم ہمیں مایوس نہیں کرینگے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کی غنڈی گردی  پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے،جہاں کشمیریوں کا پسینہ کریگا ہمارا خون گریگا، جہاں وزیراعظم اپنی لیڈرشپ دکھائنگے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

اس سے قبل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی تقریر شروع ہونے سے قبل وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس سے چلے گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی پوری تقریر سنی۔ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی تقریر نہیں سنی۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے مطالبے کے بعد صدر عارف علوی نے مسئلہ کشمیر پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلایا تھا۔

واضح رہے کہ وزیرعمران خان پارلیمان کے مشترکہ سیشن میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں تاخیر سے شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: مودی نے پاکستان کی عزت اور غیر کو للکارا ہے، شہباز شریف


متعلقہ خبریں