آج کوئی نریندر مودی کا نام لینے والا نہیں ہے، فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج کوئی بی جے پی اور نریندر مودی کا نام لینے والا نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کشمیر کے معاملہ پر تھا اور ہر پاکستانی سیاست سے بالاتر ہوکر کشمیر کے ساتھ ہے۔ اب جو بھارت نے کشمیر میں کیا وہ ناقابل معافی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی سرکار نے بین الاقوامی قوانین کو ٹھکرایا ہے، ہم نے کشمیر کے لیے تین جنگیں لڑی ہیں اور ہمارے ہزاروں لوگوں نے کشمیر کے لیے جانیں دی ہیں جبکہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام اور فوج بھارت کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو پہلوان نہ سمجھے ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اگر ہمیں انتہا پر جانا پڑا تو ہم جائیں گے۔ اگر جنگ ہوئی تو اس میں پاکستان بھارت کو نہیں پوری دنیا کو شکست ہو گی اور اگر دنیا ہارنے کو تیار ہو گی تو پھر پاکستان کو اکیلا چھوڑے گی، آج پاکستان نہیں بلکہ بھارت اکیلا کھڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم کامقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان

فواد چوہدری نے کہا کہ حزب اختلاف کو آج اختلافی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے بہت مثبت خطاب کیا۔ بھارت کتنے کشمیریوں کا قتل کرے گا وہاں تو ڈیڑھ کروڑ کشمری رہتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ نہ تو کشمیر فلسطین ہے اور نہ ہی بھارت اسرائیل ہے، ہم فلسطینیوں کے ساتھ بھی کھڑے ہیں اور ہم کشمیر کے معاملے پر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔


متعلقہ خبریں