ڈیرہ غازی خان :دریائے سندھ کے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی


ڈیرہ غازی خان : دریائے سندھ کے سیلابی ریلے نےتحصیل تونسہ شریف کے نشیبی علاقوں میں  تباہی مچا دی ہے جس سے ہزاروں ایکڑ پر کاشت کی گئی  فصلیں  ڈوب گئی ہیں۔ 

مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔ دریائے سندھ کے سیلابی ریلے سے بیٹ اشرف، موضع جراح، موضع جڑھ لغاری، موضع عیدہ آرائیں، موضع چک عیدہ آرائیں، موضع لکھو، موضع بلوچ خان، ناڑی شاہ، دائرہ شاہ اور بستی حبیب کے علاقے متاثر ہوئے۔

مقامی لوگوں کے مطابق ان علاقوں میں سیلابی پانی کی وجہ سے  ہزاروں مکین پھنس گئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کاررائیوں کی اشد ضرورت ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے امدادی کاروائیاں شروع نہ کرنے کی وجہ سے بیٹ بھیڈیں والی میں پرائیویٹ کشتی مالکان من مانے کرایے وصول کرنے لگے ہیں۔ سیلابی ریلہ موضع ڈونہ کی جانب بڑھ رہا ہے جس سےبستی ڈونہ کی پل کے ٹوٹنے کا خطرہ ہے۔

اسی طرح  بیٹ اشرف کے مقام پر رابطہ پل کا ایک حصہ سیلابی ریلے کے کٹاؤ سے پانی میں بہہ گیا ہےجس سے کئی بستیوں کا شہر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔ کچے کے علاقہ مکینوں نے ہم نیوز کے توسط سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار  اور انتظامیہ سے فوری امداد کا مطالبہ کیاہے۔

اسی طرح  تحصیل ڈیرہ غازی خان کے علاقوں بیٹ عالم خان ، بیٹ نڑکی ، چک رانمن ، بھٹی میتلا، بستی ہوتا ہوتانی، بستی ٹھگانی اور شاہ صدردین کی سینکڑوں بستیاں دریابرد ہوگئی ہیں۔

متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے اورلوگ گھربار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں کوئی ریلیف کیمپ قائم نہ کیا جا سکا۔ متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبورہیں۔ حکومتی سطح پرمدد نہ ملنے پر سینکڑوں متاثرین نے آج مختلف علاقوں میں  احتجاج  بھی کیاہے۔

یہ بھی پڑھیے: ضلع مظفر گڑھ میں دریائے سندھ اور دریائے چناب کے کٹاؤ سے تباہی


متعلقہ خبریں