وزیر اعظم نے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تجاویز کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر وزیر اعظم عمران خان نے اقدامات اٹھاتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی۔ کمیٹی مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور مجوزہ ردعمل ترتیب دینے کے لیے تجاویز دے گی۔

کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کمیٹی سیاسی، سفارتی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر تجاویز مرتب کرے گی۔

کمیٹی میں وزیر خارجہ، اٹارنی جنرل، سیکرٹری خارجہ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز شامل ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی احمر بلال صوفی کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی اب دفن ہوگیا ہے،وزیر خارجہ

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پلواما واقعے کے بعد بھارت کو سمجھایا اس میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں مگر مودی سرکار ہماری امن کی کوشش کو کمزوری سمجھتی رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کا معاملہ عالمی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ میں لے کر جائیں گے۔ جنگ کی صورت میں ہمارے پاس 2 راستے رہ جائیں گے، یا تو ہم بہادر شاہ ظفر کی طرح ہار مان لیں یا ٹیپو سلطان کی طرح آخری دم تک لڑیں۔


متعلقہ خبریں