منحرف سینیٹرز کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں گےاور ان کے خلاف ایکشن بھی ہوگا ،زرداری

پیپلز پارٹی اپنی اصولی سیاست پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی، زرداری|humnews.pk

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ  چیئرمین سینیٹ کے خلاف قراداد کی ناکامی کے معاملے پر منحرف ہونے والے سینیٹرز کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں گےاور ان کے خلاف ایکشن بھی ہوگا 

آصف علی زرداری نے یہ بات آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ میں سمجھا ہوں قرارداد کے معاملے میں کچھ ہوا،میں کچھ بتا نہیں سکتا کہ ہیر پھیر ہوئی۔ آصف زرداری نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ  ن لیگ کے کچھ دوست اچھے نہیں ہیں، وہ دوست چاہتے ہیں اپوزیشن ساتھ نہ رہے۔

ایک صحافی کے سوال پر سابق صدر نے کہا کہ سینیٹر کتنے منحرف ہوئے میں تو شک ہی کر سکتا ہوں۔ کوئی بھی ماحول خراب نہیں کرنا چاہتا، کچھ دوست ایسے ہوتے ہیں جن کے پر کہیں اور سے ہلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بھی اپوزیشن کے پاس اتنے ہی ووٹ ہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے کچھ نام درست ہوں گے۔

صحافی نے اس موقع پر بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ  منحرف ہونے والے ارکان سینیٹ کی تحقیقات سے متعلق کیا پیشرفت ہوئی ہے؟ اس پربلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات سے متعلق میری کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے۔ آج فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کام شروع کردیا ہے اب ن لیگ سے پوچھا جائے۔

ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ قرارداد کی ناکامی کے بعد کیا ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں دوریاں ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ آج بھی ن لیگ کے اراکین سے بات ہوئی ہے۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی آج پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تھےاور انہوں نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ۔

ذرائع کا کہناہے کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی ۔ یوسف رضا گیلانی نے پارٹی قیادت کو فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی اجلاس سے متعلق بریفنگ دی ۔

پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف قرارداد کی ناکامی کے معاملے پر فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی قائم کر رکھی ہے۔ یوسف رضا گیلانی فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی کے کنوینر ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری علی زرداری  پارلیمنٹ ہاوس سے واپس  روانہ ہو گئے۔ انہیں آج نیب کی ٹیم اسپیکر اسد قیصر کی طرف سے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں شرکت لیے لائی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: تحریک عدم اعتماد کی ناکامی، پیپلز پارٹی نے حقائق کی کھوج کیلئے کمیٹی بنادی


متعلقہ خبریں