مقبوضہ کشمیر سے متعلق بل کی منظوری کے بعد مودی کا بیان

بھارت کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب

فائل فوٹو


‏مقبوضہ کشمیر کے اسٹیٹس سے متعلق انتہا پسند بھارتی جنتا پارٹی کی طرف سے بھارتی راجیہ سبھااورلوک سبھا میں متنازعہ  بل کی منظوری کے بعد نریندر مودی کا بیان سامنے آیا ہے ۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہم ایک ساتھ ہیں، ہم ایک ساتھ اٹھیں گے اور ہم ایک ساتھ مل کر 130 کروڑ ہندوستانیوں کے خوابوں کو شرمندہ ٔ تعبیر کریں گے!

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اردو زبان میں جاری بیان میں نریندر مودی نے کہا ہماری پارلیمانی جمہوریت میں ایک یادگار لمحہ، جب جموں و کشمیر سے متعلق سنگ میل بل زبردست حمایت کے ساتھ منظور ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا میں جموں و کشمیر کے اپنے بھائی بہنوں کو ان کی جرأت اور وسیع النظری کے لئے سلام کرتا ہوں۔ برسوں سے مفاد پرست گروپ جو جذباتی بلیک میلنگ میں یقین رکھتے تھے، انہوں نے عوام کو بااختیار بنانے کی کبھی پرواہ  نہیں کی۔ جموں و کشمیر اب ان بیڑیوں سے آزاد ہو چکا ہے۔

نریندر مودی نے کہاجموں و کشمیر سے متعلق بل اتحاد  اور اختیار کاری کو یقینی بنائیں گے۔ یہ اقدامات جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لائیں گے اور انہیں اپنی ہنر مندی اور صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کے وسیع مواقع فراہم کریں گے۔ مقامی بنیادی ڈھانچے میں اہم اصلاح رونما ہو گی۔

بھارتی وزیراعظم نے کہالداخ کے عوام کو خصوصی مبارکباد! یہ بات از حد مسرت کی ہے کہ  مرکز کا زیر انتظام علاقہ قرار دیے جانے کا ان کا دیرینہ مطالبہ پایۂ تکمیل کو پہنچا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے خطے کی مجموعی خوشحالی کو مہمیز کرے گا اور بہتر ترقیاتی سہولتوں کو یقینی بنائے گا۔

‏پارلیمنٹ میں سیاسی پارٹیوں نے اس موقع پر اپنی بیداری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اپنی حمایت دی، نظریاتی اختلافات کو فراموش کرکے مالا مال بحث میں حصہ لیا جس نے ہماری پارلیمانی جمہوریت کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے مودی کے اس بیان پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ایک ٹویپ نے لکھایہ کیسی پارلیمنٹ ہے کیسی جمہوریت ہے ؟جمہور پہ فوجیں اتار دی جمہور کا گلا دبا دیا 

‏تاکہ جمہور بھول بھی نہ سکے نہ ہی جمہور کی آواز کوئ دوسرا سن سکے یہ منافقت ہے جناب اسے تکبر کہتے ہیں


متعلقہ خبریں