مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، وزیراعظم کا محمد بن سلمان کو ٹیلی فون


ریاض: وزیراعظم عمران خان نے سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا ہے جس میں خطے کی صورت حال پر تبادلہ  خیال کیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق عمران خان نے محمد بن سلمان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام سے پیدا صورت حال سے آگاہ کیا۔

گفتگو کے دوران باہمی دلچسپی کے خیالات پر گفتگو کی گئی جبکہ خطے کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ وہ کشمیر کے معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے دو روز قبل  بھارت کے ایوان بالا (راجیہ سبھا) نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا تھا۔

مودی سرکار کے اس اقدام کی نہ صرف بھارت کے اندر بلکہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔

مزید پڑھیں: امریکہ کا کشمیر میں ہونے والی گرفتاریوں پر اظہار تشویش

کانگریسی رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکار کی طرف سے کشمیر پر یکطرفہ فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی حیثیت ختم کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ قوم زمین کے یکطرفہ ٹکڑے کرنے، منتخب نمائندوں کو جیلوں میں ڈالنے اور آئین سے انحراف کرنے سے نہیں بلکہ افراد سے بنتی ہے۔

راہول گاندھی نے مزید کہا کی ایگزیکٹیو اختیارات کے غلط استعمال سے بھارت کی قومی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے چیٔرمین اور سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے پاکستان کی مخالفت کرنے والوں پر اس کا چہرہ بے نقاب ہوگیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کشمیری رہنما نے کہا کہ وہ اپنے گھر میں نظر بند ہیں اور ان کے گھر کے باہر پولیس تعینات کی گئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ یہ وہ ہندوستان نہیں اور اس سے پہلے انہوں نے ایسا بھارت کبھی نہیں دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جُوں ہی ان کے گھروں کے دروازے کھلیں گے لوگ باہر آئیں گے اور لڑیں گے اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔


متعلقہ خبریں