بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب ملے گا, گورنر پنجاب


لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب ملے گا۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کہنا چاہتے ہیں جنگ ہوئی تو تباہی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ طاقت سے لوگوں کے جذبات ختم کرکے امن نہیں لایا جا سکتا، بھارتی اقدام عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے اور ہمیں اسے عالمی سطح پر اٹھانا ہو گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس پوری دنیا کے سامنے ہے ۔

چوہدری محمد سرور نے بھارت کے ساتھ صورت حال کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کےحق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت طاقت کے بل پر زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتا، ملیحہ لودھی

انہوں نے کہا کہ دنیا نے احساس کیا کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہوتی، آگے بڑھنے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہیے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کشمیر میں مردوں کے ساتھ بچوں اور عورتوں کو  بھی شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ غیرقانونی ہے جبکہ بھارتی عوام بھی اس قانون  سازی  کی  مخالفت  کررہے  ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بھارتی فیصلے پر اختلاف پایا جارہا ہے اور مودی گجرات کی تاریخ دہرانا چاہ رہے ہیں۔

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، یہاں عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایاگیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برداری اقدام واپس لینے کے لیے بھارت کو سمجھائے۔


متعلقہ خبریں