آزاد کشمیر:تمام پارلیمانی جماعتوں کا متفقہ مؤقف اپنانے کا فیصلہ


اسلام آباد:آزاد کشمیر کی تمام پارلیمانی جماعتوں نے  کشمیر کے معاملے پر متفقہ موقف اپنانے کا فیصلہ کیاہے۔ 

یہ فیصلہ آج وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت آزادکشمیر کی تمام پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں قائد حزب اختلاف و سینیئر نائب صدر پیپلز پارٹی چوہدری یاسین ،صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق ، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈرعبد الماجد خان ، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عبد الرشید ترابی اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے اسد ابراہیم شریک ہوئے،

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر  جسٹس ریٹائرڈ منظور الحسن گیلانی نے شرکاء کو ہندوستانی حکومت کی جانب سے اٹھاے گئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ آزاد کشمیر کی تمام پارلیمانی جماعتیں کشمیر کے معاملے پر متفقہ مؤقف اپنائیں گی۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیاکہ کشمیر کے حالات کی وجہ سے سیاسی معاملات کو التوا میں رکھ کر یکجان ہو کر پیغام دیا جائیگا۔

پارلیمانی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کشمیریوں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے ایسے حالات میں سیزفائر لائن کے پار متحد ہو کر پیغام دیا جائیگا ۔

اس موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس قومی سلامتی کمیٹی  اورکور کمانڈرز کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں پر اطمینان کا اظہار  کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہ اکہ آزادکشمیر میں موجودہ صورتحال میں کوئی سیاسی تفریق نہیں ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے بالغ نظری کا مظاہرہ کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آزادکشمیر کی تمام پارلیمانی جماعتوں کا متفقہ موقف اپنانے پرشکرگزار ہیں۔ ہمارے اتحاد سے سیز فائر لائن کے پار مثبت پیغام گیا موجودہ صورتحال میں ملکر لائحہ عمل اپنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: کانگریس نےمقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی حکومت کا اقدام مسترد کردیا


متعلقہ خبریں