بلاول بھٹو زرداری کی مولانا فضل الرحمان سےاہم ملاقات


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات ہوئی ہے۔ 

مولانا اسعد محمود، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم خان درانی ،مولانا لطف الرحمان اور خورشید شاہ بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی صورت حال کے علاوہ عوام کے جمہوری حقوق کی جدوجہد کے امور زیربحث آئے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج صبح شہباز شریف سے قومی اسمبلی میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی تھی۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کےنمائندوں سےبات چیت میں کہا کہ شہباز شریف کا شکرگزار ہوں کہ اچھا کھانا کھلایا اور اہم امور پر گفتگو کی۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی یہ تجویز اچھی ہے کہ ہماری رہبر کمیٹی مسئلہ کشمیر پر بات کرے،ہر اپوزیشن جماعت کے پاس مہارت کے ساتھ اپنے دانشور اور امور خارجہ کے ماہرین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آپس میں مشاورت کریں گی کہ کیسے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی اخلاقی اور سیاسی سپورٹ کوبڑھاسکیں،کشمیر کے شہری مودی کی وحشیانہ پالیسیوں کا سامنا کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی اپنی آئندہ ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تفصیل سے بات کرے گی۔ رہبر کمیٹی عوام کے معاشی، جمہوری اور انسانی حقوق کی جدوجہد کے حوالے سے لائحہ عمل پر بھی غور کرے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اپوزیشن عوام کے معاشی، جمہوری اور انسانی حقوق کی جدوجہد کے حوالے سے ایک ساتھ ہے،جب نئی آمریت میں آپ جمہوری سیاست کرتے ہیں تو غیرجمہوری قوتوں سے مقابلہ بھی کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرجمہوری قوتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے یا تو آپ انہیں انتخابی شکست دیتے ہیں جو انتہائی مشکل ہوتا ہے،غیر جمہوری قوتوں کے مقابلے میں جیت کا دوسرا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ آپ انہیں بے نقاب کردیں۔

بلاول بھٹو نے کہامیں سمجھتا ہوں کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن نے پوری قوم کے سامنے غیرجمہوری حکومت کو بے نقاب کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: شہباز شریف اور فضل الرحمان کی ملاقات، رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب


متعلقہ خبریں