’پاکستان کا بھارت سے تجارتی تعلقات معطل اور سفارتی کم کرنے کا فیصلہ درست ہے‘


اسلام آباد: تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت سے تجارتی تعلقات معطل اور سفارتی تعلقات کم کرنے کا درست فیصلہ کیا ہے۔

پروگرام ویوز میکرز میں میزبان زریاب عارف سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار امجد شعیب نے کہا کہ حکومت نے یہ اقدامات کرکے اچھا کیا ہے کہ اس سے دنیا کو پاکستان کے تحفظات کا پیغام گیا ہے۔

تجزیہ کار ڈاکٹررفعت حسین نے کہا کہ تجارت کے حوالے سے ہم نے ماضی میں بھی یہ فیصلے کیے ہیں۔ ہم نے سفارتی تعلقات سے متعلق بھی نظرثانی کا فیصلہ اچھا کیا ہے، ہمیں دنیا کو بتانا چاہیے کہ بھارت کے اس رویے کے ساتھ ہم زیادہ دور تک نہیں چل سکتے۔

تجزیہ کار غالب اقبال نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات پہلے ہی اچھے نہیں ہیں۔ بھارت نے جو مقبوضہ کشمیر میں کردیا ہے اور اس کے جو عزائم ہیں اس کے بعد پاکستان کو مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ یہ وقت ایسا ہے جس میں سب پر ذمہ داری ہے کہ وہ مثبت بات کریں تاکہ جو بھی فیصلے ہوں وہ ٹھنڈے دماغ سے کیے جائیں۔

تجزیہ کار ناصربیگ چغتائی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو قدم اٹھایا گیا ہے کہ غیرمعمولی نہیں ہے کہ ایسا ماضی میں بھی ہوچکا ہے۔ حکومت نے اقوام متحدہ اور چین کے پاس جانے کے فیصلے میں تاخیر کی ہے۔

بھارت پر دباؤبڑھانے کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے متعلق سوال کے جواب میں غالب اقبال نے کہا کہ ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے کہ امریکہ نے ثالثی کی پیشکش کی تھی،اب ہمیں بھارت کی اس طرف توجہ دلانی چاہیے۔ دنیا کو باور کرانا ہوگا کہ بھارتی جارحیت کے آگے بندھ باندھا جائے۔

امجد شعیب نے کہا کہ تحفظات کے اظہار کے لیے پاکستان نے مثبت اقدامات کیے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان میں تیزی لانی چاہیے۔

ڈاکٹررفعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم کی رابطوں کی کوشش اچھی ہے اسے مزید آگے بڑھانا چاہیے، ہمیں چین اور روس کو بھی ساتھ ملانے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ امریکی رویہ شکوک وشہبات رکھتا ہے اور پاکستان کو اقوام متحدہ میں اس کا نقصان بھی ہوسکتا ہے۔

ناصر بیگ چغتائی نے کہا کہ اب تک ہم نے جو کچھ کیا ہے وہ ناکافی ہے۔ اسلامی دنیا میں وہ بات نہیں ہے اور ہمیں مزید راستے تلاش کرنے چاہیئں۔
مشرف زیدی نے کہا کہ ہم نے جو کچھ کیا ہے وہ اطمینان بخش نہیں ہے لیکن ہمیں ٹھنڈے دماغ سے سوچ کر آگے بڑھنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ہائی کمشنر کو پاکستان چھوڑنے کا حکم


متعلقہ خبریں