آصف زرداری کا چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد دوبارہ لانے کا اعلان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے  چیئرمین سینیٹ  صادق سنجرانی کے کے خلاف دوبارہ عدم اعتماد کی تحریک لانے کا اعلان کردیا۔ 

آصف زرداری نے یہ اعلان آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔ ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا تحریک عدم اعتماد کا آپشن دوبارہ استعمال کریں گے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا انشاء اللہ انشاء اللہ!

آصف زرداری نے کہا کہ چیئرمین کے خلاف دوبارہ قراداد لانے کے لیے تین ماہ کا وقت ہوتا ہے۔ ایک دفعہ جنگ نہیں جیت سکے دوبارہ جیت جائیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ خفیہ ووٹنگ کو ختم کرنے کے لیے رولز میں ضرور ترمیم کریں گے، حکومت انشاء اللہ جائے گی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے بیان سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ خواجہ آصف کی اپنی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں انکے بیانات پر ردعمل نہیں دینا چاہتا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ اپوزیشن کی طرف سے لائی گئی عدم اعتماد کی قرارداد کے لیے ووٹ کم پڑگئے تھے اور اپوزیشن کے 14اراکین منحرف ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی تحاریک ناکام


متعلقہ خبریں