پی ایس ایل کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کو جھٹکا


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔

حسن علی دورہ نیوزی لینڈ کے دوران دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں زخمی ہو گئے تھے۔ ڈاکٹر نے ان کی صحت یابی کے لیے دو ہفتے سے زائد کا وقت دیا تھا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق حسن علی پی ایس ایل کے ابتدائی تین یا چار میچز میں شرکت نہیں کریں گے۔

فاسٹ بالر پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کا حصہ ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں عمید آصف ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب زلمی ٹیم کے ایک اور غیر ملکی کھلاڑی ایون لیوس بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز ٹیم کے کھلاڑی ایون لیوس کرکٹ کی مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ ان کی جگہ انگلش ٹیم کے کھلاڑی رکی ویسلز ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

پی ایس ایل کا پہلا میچ 22 فروری کو کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئنز پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے شروع ہو گا۔

ملتان سلطانز پہلی بار ایونٹ میں حصہ لے رہی ہےپی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن میں 34 میچز ہوں گے۔ لیگ میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔

پلے آف کے دو میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور اور فائنل 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں