کشمیر: اقوام متحدہ سے کمیشن آف انکوائری تشکیل دینے کا مطالبہ

کشمیر: اقوام متحدہ سے کمیشن آف انکوائری تشکیل دینے کا مطالبہ

نیویارک: پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لیے کمیشن آف انکوائری تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر بھارت سےعمل درآمد کرائے۔

انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی چیف آف اسٹاف ماریہ لوئزہ سے ملاقات کے دوران کہی۔

مقبوضہ کشمیر سے معلومات کا باہر نہ آنا باعث تشویش ہے، اقوام متحدہ

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال اور علاقائی امن کو لاحق سنگین خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے پیدا ہونے والے بحران میں اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی حکومت پاکستان کی ہدایات پر اقوام متحدہ میں سفارتی رابطے تیز کررہی ہیں اور اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہی دلا رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اسٹاف کو ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے موجودہ صورتحال میں پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کی بابت بھی بتایا۔

جنونی ہندوؤں کو کشمیری لڑکیوں سے شادی کا لائسنس مل گیا؟

پاکستان کی مستقل مندوب کو کہنا تھا کہ بھارت نے خطے میں تباہی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آبادی، اس کی ہیت یا جغرافیائی تبدیلی تباہ کن ثابت ہوگی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ مسئلہ کشمیر بدستور اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر متنازع علاقہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خطے کے مفاد میں ہے کہ بھارت اپنے تمام غیر قانونی اورعلاقے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے اقدامات واپس لے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ اور اس کے اقدامات ختم کرائے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔


متعلقہ خبریں