مریم نواز کو گرفتار کرکے قوم کو تقسیم کردیا گیا، احسن اقبال


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریر سے بھارت میں آگ لگی ہوئی تھی تاہم بزدل حکومت نے ان کو گرفتار کر کے قوم کو تقسیم کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو جبکہ آج مریم نواز کو گرفتار کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ہم نے اس حوالے سے کشمیر کے مفاد میں کچھ نہیں بولا اور قرارداد منظور کی، کتنا اچھا ہوتا کہ 14 اگست کو متحد پاکستان کا پیغام جاتا۔

مزید پڑھیں: نیب نے مریم نواز کو تحویل میں لے لیا

انہوں نے کہا کہ ہم ایک، ایک پیسے کا جواب سے رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان بھی اپنا حساب دیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پوچھنے کے باوجود عمران خان نے اپنا حساب نہیں دیا، انہوں نے اور ان کی بہن نے ناجائز پیسہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جواب دے کہ فنڈز کہاں سے آئے، جب ان کے پاس جواب نہیں ہوتا تو مسلم لیگ ن کے کارکنان کو گرفتار کرتے ہیں۔

’عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا‘

اس موقع پر ن لیگی رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مریم نواز کے پاس نا عہدہ ہے نہ کوئی شوگر مل پھر بھی انہیں گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا اور ہمارا احتجاج مزید بڑھے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم قوانین کے مطابق کاروائی کریں گے۔


متعلقہ خبریں