ملالہ یوسفزئی کشمیریوں کے حق کیلئے میدان میں آگئیں


اسلام آباد: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے بھی مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کے لیے آوازِ حق بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ سات دہائیوں پرانا مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں ملالہ یوسفزئی نے امید ظاہر کی کہ جنوبی ایشیا کے ممالک، عالمی برادری اور متعلقہ اتھارٹی کشمیریوں کی تکالیف اور مشکلات کا ازالہ کرے گی۔

اپنے پیغام میں ملالہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کتنے ہی اختلافات کیوں نہ ہوں ہمیں انسانی حقوق کا دفاع کرنا چاہیے، خاص طور پر خواتین اور بچوں کے تحفظ کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کے دردناک سفر کے بارے میں ملالہ کا کہنا تھا کہ جب میں چھوٹی تھی تب سے مقبوضہ کشمیر کے رہنے والوں کے ساتھ یہ ظلم و ستم ہوتے دیکھ رہی ہوں، میرے والدین نے بھی اپنے بچپن سے  کشمیری عوام کو اس حال میں زندگی بسر کرتے دیکھا ہے۔

واضح رہے کہ 6 اگست 2019 کو بھارتی ایوان زیریں یعنی لوک سبھا نے کشمیر کی علیحدہ حیثیت ختم کرنے سے متعلق آئینی ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا جس کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں