احساس پروگرام کی سربراہ کے سامنے کیا انکشاف ہوا؟ اندرونی کہانی

احساس پروگرام کی سربراہ کے سامنے انکشاف ہوگیا؟ اندرونی کہانی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے سپاہیوں پر بھروسہ کریں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ احساس پروگرام میں بیورو کریسی سیاستدانوں کو آگے نہیں آنے دے رہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹرثانیہ نشترجو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وغربت مٹاؤمہم ہیں، سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے شکایات کے انبار لگا دیے۔

’احساس پروگرام کے تحت 4سال میں1 لاکھ 61 ہزار افراد کی مدد کرینگے‘

انتہائی ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن اور احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے ہونے والی ملاقات میں اراکین اسمبلی نے کہا کہ احساس پروگرام میں ایم این ایز کا بھی ’احساس‘ کریں۔

اراکین اسمبلی کی شکایت تھی کہ انہیں علم ہی نہیں ہوتا ہے کہ ان کے علاقے میں کون سروے کررہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کو بیوروکریٹ اور این جی اوز نہیں وزیراعظم عمران خان کے سپاہی کامیاب بنائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر کے درجے کی حامل معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ احساس پروگرام کے سلسلے میں ہمیں آن بورڈ لیں۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے انکشاف کیا کہ چھ ماہ ہو گئے ہیں، بیت المال نے کسی کو پیسے نہیں دیے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کے سامنے اپنے دعوے کی سچائی کے ثبوت میں انہوں نے استفسار کیا کہ اگر بیت المال نے کسی کی پیسے دے کر مدد کی ہو تو بتائیں؟

احساس پروگرام پر پالیسی بیان جاری کرکے خوشی ہوئی،وزیراعظم 

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے زور دے کر کہا کہ بیت المال میں کام کی رفتار تیز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک فائل کو کلیئر ہونے میں ڈھائی ماہ لگیں گے تو غریب کا کیا ہو گا؟

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف نے احساس پروگرام کی سربراہ سے کہا کہ بیت المال کے امور میں اراکین پارلیمنٹ کو بھی شامل کریں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وغربت مٹاؤمہم ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی سے کہا کہ وہ احساس پروگرام کے لیے دن رات کام کررہی ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سب کے تحفظات دور ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا نظام بنا رہے ہیں جس میں کرپشن نہ ہو۔


متعلقہ خبریں