نیب لاہور میں قائم ڈے کیئر سینٹر مریم نواز کیلئے سب جیل قرار

والد کی صحت سے متعلق بہت پریشان ہوں،مریم نواز

فائل فوٹو


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں قائم ڈے کیئر سینٹر کو مریم نواز کیلئے سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ ویمن پولیس پنجاب کو فوری طور پر نیب لاہور طلب کر لیا گیاہے۔ سب جیل میں مکمل طور پر خواتین اہلکار و خواتین نیب سٹاف کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سب جیل کی سیکیورٹی پر بھی پنجاب کی ویمن پولیس اہلکاروں کو تعینات رکھے جانیکا فیصلہ کیا گیاہےاوریہ فیصلہ بھی کیا گیاہے کہ  کوئی مرد اہلکار سب جیل  میں داخل نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ آج قومی احتساب بیورو نےسابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی  مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس شریف کو گرفتار کیا، ملزموں کو کل  نیب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ نیب کا کہنا ہے کہ دونوں کی چودھری شوگر ملز کیس میں پکڑا گیا ہے۔

چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا۔ مریم نواز کو گرفتار کر کے نیب حوالات منتقل کیا گیا، جہاں دونوں ملزموں کا طبی معائنہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے مریم نواز کے ٹیسٹ کلیئر قرار دیےاور نیب دفتر میں خواتین کے لئے سیل موجود نہ ہونے کے باعث وہاں موجود ڈے کیئر سینٹر کو نائب صدر ن لیگ کیلئے سب جیل قرار دے دیا گیا۔

قومی احتساب بیورو کے مریم نواز اور یوسف عباس کو ریمانڈ کیلئے جمعے کے روز احتساب عدالت پیش کیا جائے گا، لیگی رہنما کی گرفتاری کی خبر ملتے ہی پارٹی رہنماوں اور کارکنوں نے نیب آفس کا رخ کیا،کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی۔

مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر بھی اپنے نانا سے ملنے جیل پہنچے تھے جو والدہ کی گرفتاری کے بعد ورکرز کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے واپس روانہ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے: نیب نے مریم نواز کو گرفتار کر لیا


متعلقہ خبریں