مقبوضہ کشمیر کی صورتحال:اسپیکر قومی اسمبلی کا دنیا بھر کی پارلیمنٹس کو خط

اسد قیصر

اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی گھناؤنے اقدام کو عالمی سطح پر اٹھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا بھر کی پارلیمانوں کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال اور بھارتی جارحیت کا معاملہ اٹھایاہے۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے  بین الپارلیمانی یونین کے 189 ممالک  کی پارلیمانوں کو خط لکھا ہے۔

اسد قیصر کی طرف سے لکھئے گئے خط میں کہا گیاہے کہ بھارت کے گھناؤنے اقدام نے خطے کی گھمبیر صورتحال کو مزید سنگین کر دیا۔دنیا کی منتخب پارلیمان بھارت کے انسانیت سوز جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔

اسپیکرقومی اسمبلی نے خطوط کے ذریعے بھارتی آئین سے آرٹیکل 35۔الف اور 370 کے خاتمے سے کشمیر میں پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کیا۔

اسد قیصر کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 35۔الف اور آرٹیکل 370 کا خاتمہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ تاریخی دھوکہ ہے۔ آرٹیکل 35۔الف اور 370 کے تحت مقبوضہ وادی کے حتمی تصفیے تک عوام کو خود مختاری حاصل تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاہے کہ بھارت کے غاصبانہ اقدام نے کشمیر کے عوام کو واحد قومیت اور ریاست میں ملکیتی حقوق سے محروم کر دیاہے۔ بھارتی آئین کشمیر کے پر امن حل کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کا کاربند تھا۔

اسد قیصر نے لکھا کہ آرٹیکل کا خاتمہ سلامتی کونسل کے منافی ہے۔بھارت نے کشمیری عوام کو خودمختار ی سے محروم کر کے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے جسکی وجہ سےپوری کشمیر ی قیادت کو گرفتار کرنے سے وادی کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔

خط میں لکھا گیاہے کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر کے تمام مواصلاتی رابطے بند کر دیے۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی قانوں ساز اسمبلی کو معطل کرکےگورنر راج نافذ کر دیا گیا،بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں معمول بن چکاہے۔

اسد قیصر نے لکھا ہے کہ نیوکلیئر ممالک کے درمیان ایسی صورتحال پوری دنیا کے لیے شدید خطرات لاحق کر سکتی ہے،موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کی پارلیمان کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کی ہے،عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ گھمبیر صورتحال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: مقبوضہ وادی میں نظام زندگی مفلوج، چھ کشمیری شہید، 500 گرفتار


متعلقہ خبریں