سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی وفد کی لاہور میں مصروفیات


لاہور:سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد لاہور میں موجود ہے جس  نے قذافی اسٹیڈیم سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا، چیف سیکیورٹی ایڈوائزر نے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کر دیا ۔ 

شاہینوں اور آئی لینڈرز کے درمیان ٹیسٹ میچز کا مشن  مکمل کرنے اور انتظامات کا جائزہ لینے آئے کرکٹ سری لنکا کے چار ارکان کراچی کے بعد لاہور میں متحرک رہے۔

سری لنکن سیکیورٹی وفد سول سیکرٹریٹ پہنچا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں سی سی پی او لاہور اور سی ٹی او نے بریفنگ دی،مہمانوں کو فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ارکان نے قذافی اسٹیڈیم اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ائر پورٹ، اسٹیڈیم روٹس، ہوٹلز، پارکنگ اور پولیس فورس بارے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پرسری لنکن وفد کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون  سے متعلق بھی  بتایا گیا۔ چیف سیکیورٹی ایڈوائزر موہن ڈی سلوا نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ واپس جا کر رپورٹ بورڈ کو پیش کریں گے۔

سری لنکا کے مجوزہ دورہ پاکستان کے دوران دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔  پہلا مقابلہ یکم سے چار اکتوبر تک کراچی اور دوسرا نو سے تیرہ اکتوبر تک لاہور میں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی سیکیورٹی وفد کراچی پہنچ گیا


متعلقہ خبریں