گزشتہ چار برس چین پاکستان دوستی میں نہایت پھلدار ثابت ہوئے، لی جیان


اسلام آباد:چینی ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان کی پاکستان میں مدت  پوری ہونے پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ 

سبکدوش ہونے والے چینی ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وہ  گزشتہ چار برس سے پاکستان میں موجود ہیں اور انہیں پاکستان میں بہت پیار ملا۔ گزشتہ چار برس چین پاکستان دوستی میں نہایت پھلدار ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ان برسوں میں دونوں ممالک کی قیادت نے اعلی سطح پر دورے کئے۔ ان دوروں میں باہمی سفارتی تعلقات کو فروغ حاصل ہوا۔گزشتہ چار برس میں اقتصادی و بزنس ٹو بزنس تعلقات میں بھی اضافہ ہوا۔ ہم نے سی پیک منصوبے میں آگے بڑھنے کی کوشش کی۔

لی جیان نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں مقامی کوئلہ سے چلنے والا پاور پلانٹ لگایا۔ اس پاور پلانٹ کا مقصد پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنا تھا ۔ ہم حب بلوچستان میں بھی پاور پلانٹ کی تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں۔

سبکدوش چینی ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری کے( سی پیک )کے تیس مزید منصوبے ابھی پائپ لائن میں ہیں۔ہم نے سوشل سیکٹر پروگرام کے لئے ایک بلین امریکی ڈالرز کی امداد کا اعلان بھی کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان معاشرتی بہبود کے منصوبوں سے عام پاکستانی عوام کو فائدہ ہو گا۔ ہم نے ایم فائیو موٹر وے کو بھی مکمل کیا ہے۔ ہم ان منصوبوں میں وفاقی، صوبائی حکومتوں ، فوج، رینجرزاور میڈیا کی حمایت پر شکرگزار ہیں۔

لی جیان نے کہا ہم سمجھتے ہیں کی پاک چین دوستی اور سی پیک پر 99فیصد اتفاق اور حمایت پائی جاتی ہے۔ تاہم یہاں پر ایک ایسا گروہ بھی ہے جوکہ دوسرے ممالک کی ایما پر پروپیگنڈا خبریں کرتا ہے۔

چینی سفارتکار نے کہا کہ ہم سی پیک کے خلاف اس منفی پروپیگنڈے کے خلاف تھنک ٹینک کی حمایت کو سراہتے ہیں۔ ایسی خبریں بنیادی طور پر غلط معلومات پر مبنی ہیں۔ان چار برس میں پاکستانیوں کی بھرپور حمایت ہر شکرگزار ہوں۔

یہ بھی پڑھیے: سی پیک منصوبہ، تیسرے فریق کی شمولیت پر اتفاق رائے ہے، چینی نائب سفیر


متعلقہ خبریں