سیاست کیجئے لیکن بہنوں بیٹیوں کو بلیک میل مت کیجئے، آصف زرداری


اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری اورچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر اورسابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی گرفتاری پراپنے ردعمل میں حکومتی اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ 

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں سابق صدر آصف زرداری نے کسی کا نام لئے بغیرکہا کہ جمہوریت کیجئیے، سیاست کیجئے لیکن بہنوں بیٹیوں کو بلیک میل مت کیجئے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اس قسم کے فیصلوں سے حکومت کی عقل کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔حکومت کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے ،مریم  نواز کو گرفتار کر کے کیسے امید رکھ سکتے ہیں کہ ن لیگ آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی؟

اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نےبھی مریم نواز کی گرفتاری کے حوالے سے صحافیوں سے غیررسمی گفتگوکی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جس وقت پورے ملک کو کشمیر کیلئے متحد ہونا چاہئیے تھا اس وقت حکومت نے مریم نواز کو گرفتار کرلیاہے۔ ہم مودی کی مذمت کررہے ہیں کہ وہ کشمیر کے سیاست دانوں کو گرفتار کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اس نازک موقع پر بھی سلیکٹڈ وزیراعظم اپنی انا کو قابو نہیں کرپارہا ہے،سلیکٹڈ وزیراعظم اس نازک وقت میں بھی انتقام کی سیاست کررہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ضیاء الحق کے دور میں سیاسی مخالفین کے گھر کی عورتوں پر مقدمات بنتے تھے اور آج پھر ویسا ہی ہورہا ہے۔

آج صبح پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کی گرفتاری پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میرا خاندان اس ملک میں نسلوں سے سیاست کررہا ہے،آمر ضیاء وہ واحد آدمی تھا جو سیاسی مخالفین کی عورتوں کے پیچھے پڑجاتا تھا،نئے آمرانہ پاکستان میں ہم یہ پھر دیکھ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخ یہ یاد رکھے گی کہ عمران خان جو انصاف کی بات کرتا تھا، اس نے فرد جرم کے بغیر مریم نواز کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے: نیب نے مریم نواز کو گرفتار کر لیا


متعلقہ خبریں