اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیشِ نظر اہم سفارتی مشن پر چین پہنچ گئے ہیں۔
اس ضمن میں چین کے سفیر لی جیان ژاؤ نے ٹویٹر سے جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ وزیر خارجہ بیجنگ میں چینی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے جہاں وہ انہیں بھارتی جارحانہ اور غیر آئینی اقدامات کے تناظر میں پاکستان کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
Foreign Minister of Pakistan Shah Mehmood Qureshi arrived in Beijing. He will meet State Counsellor and Foreign Minister of China Wang Yi and other Chinese leaders. The visit was arranged in a very short time. That’s why we are called iron brothers. pic.twitter.com/RpFYD9Jbzh
— Lijian Zhao 赵立坚 (@zlj517) August 9, 2019
چینی سفیر نے کہا کہ اس دورے کا اہتمام بہت ہی کم وقت میں کیا گیا ہے اسی لئے تو کہا جاتا ہے کہ چین اور پاکستان آہنی بھائی(آئرن برادرز) ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ وہ چین جارہے ہیں اوروہاں سے واپسی پر بھارتی فیصلے کے خلاف مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مختلف ممالک کے وزرائے اعظم سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔28ممالک کوقومی سلامتی کمیٹی کےفیصلےسےبھی آگاہ کیا گیا ہے، تاہم دنیا کشمیر کے معاملے پر ردعمل دینے میں وقت لے گی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طیب اردگان سمیت جن جن سربراہان سے گفتگو ہو رہی ہے ان کی خبریں سامنے آ رہی ہیں-اگر رائے عامہ نہ بن رہی ہوتی تو جے شنکر یہ نہ کہتے کہ پاکستان ڈاؤن گریڈیشن کے فیصلے پر نظر ثانی کرے کیوں وضاحتیں کرتا پھر رہا ہے بھارت۔