آشیانہ اقبال کرپشن کیس، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری نیب میں پیش


لاہور: آشیانہ اقبال مبینہ کرپشن کیس میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہوگئے۔

نیب کے مطابق فواد حسن فواد کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کیا گیا تھا۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری آشیانہ اقبال کیس میں مختلف الزامات پر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ ان کا بیان نیب کی 3 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ریکارڈ کرے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فواد حسن فواد پرلطیف سنزکا کنٹریکٹ کینسل کرنے کا الزام سامنے آیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جب فواد حسن فواد 2013 میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے امپلیمینٹیشن سیکریٹری تھے تو اس وقت چیف ایگزیکٹو افسر(سی ای او) برائے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (پی ایل ڈی سی) نے مبینہ طور پران پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ ایم/ایس لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ ختم کرکے کسی دوسری کمپنی کو دیں۔

نیب نے گزشتہ ماہ منصوبے کی کامیاب بولی لگانے والی کمپنی ایم/ایس چوہدری لطیف اینڈ سنسز کے ٹھیکہ ختم کرکے ایم/ایس لاہور کاسا ڈویلپرز (جے وی) کو دینے پر شہباز شریف کو طلب کیا تھا۔

نیب کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر پی ایل ڈی سی کو وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبہ لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے) کو تفویض کرنے کی ہدایت کی تھی۔ جس کے نتیجے میں اس کا ٹھیکہ ایم/ایس لاہور کاسا ڈویلپرز (جے وی) کو دیا گیا اور اس منصوبے میں ناکامی سے71 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔


متعلقہ خبریں