مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے، ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں مذہب، تعصب کی بنیاد پر دہشتگردی کے خلاف قرار داد منظور

فوٹو: رائٹرز


اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے مقبوضہ وادی کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت نےغیرقانونی طور پر ریاست جموں وکشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔ وادی چنار گزشتہ چار روز سے لاک ڈاؤن کا شکار ہے جو کہ مزید طویل ہوتا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ وہ 70 سالوں سے کشمیریوں کا دل جیتنے میں ناکام کیوں رہا؟ مقبوضہ کشمیر میں پانچ لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی کے باوجود امن کیوں قائم نہ ہو سکا؟ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت گہرائی میں جا کر ان سوالات کے جوابات تلاش کرے تو اسے وادی میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں: ’بھارتی مہم جوئی کا سخت اور فوری جواب دیا جائے گا‘

انٹرویو میں مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ بیان کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔ سلامتی کونسل کی قرارداد 38 کے مطابق جموں و کشمیر کے زمینی حقائق تبدیل نہیں کیے جاسکتے۔ بھارت کی جانب سے قرارداد 38 کی خلاف ورزی پر پاکستان سلامتی کونسل سے رجوع کرنے جارہا ہے کیونکہ پاکستان کشمیر کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ممکن ہے۔

خطہ جنوبی ایشیا پر مسئلہ کشمیر اور افغانستان کے مسئلے کے اثرات کے بارے میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کشمیر اور افغانستان دو الگ الگ معاملات ہیں۔ افغان مسئلے کا حل بھی مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے اور پاکستان کو خوشی ہے کہ افغان امن عمل سے متعلق مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں