دنیا جانتی ہے کہ کشمیر کا سودا کیا گیا ہے، شہباز شریف



اسلام آباد: قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپنی ناکام معاشی پالیسیوں سے لوگوں کی توجہ ہٹا رہی ہے، کوئی مانے یا نہ مانے پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر کا سودا کیا گیا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرِ صدارت جاری قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے  قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس مرتبہ جشن آزادی پوری قوم بھاری دل کے ساتھ منائے گی،جو کچھ  کشمیر سے متعلق ہوا اس پر بات کر چکا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل ایک مرتبہ پھر نیب کی جانب سے مریم نواز کو باپ اور چچا کے سامنے گرفتار کر لیا گیا، کیا مریم نواز کو جاتی امرا سے گرفتار نہیں کیا جاسکتا تھا؟

انہوں نے کہا کہ 13جولائی 2018 کو بیٹی اورباپ کو ایک دوسرے کےسامنےگرفتارکیا گیا، دونوں باپ اور بیٹی قانون کے سامنے پیش ہونے لندن سے پاکستان آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل نوازشریف سے ملنے گیا توآدھا گھنٹہ باہر انتظار کرایا گیا،پتہ چلا نیب کے لوگ مریم نوازاوریوسف عباس کو گرفتار کرنے آئے ہیں، کل ایک بار پھر مریم نواز کو باپ اور چچا کے سامنے گرفتارکیا گیا۔

قائدِ حزب اختلاف کے خطاب دوران شور شرابہ شروع ہو گیا، پی ٹی آئی اراکین نے شہبازشریف کوجملہ کسا کہ کیا آپ کوبینظیر اورنصرت بھٹو یاد نہیں ہیں؟  ڈپٹی اسپیکر نے تمام اراکین سے نعرے بازی نہ کرنے کی  گزارش کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم جانتی ہے مریم نواز اور  یوسف عباس پہلی بار گرفتار نہیں ہوئے، پرویز مشرف کے دور میں یوسف عباس کو کم عمری میں گرفتارکیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے حادثوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک عمر گزرگئی ہے، بڑے اعتماد سے کہتا ہوں کہ ظلم برداشت کریں گے لیکن سرنہیں جھکائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم سےمسلم لیگ ن کی قیادت کوجھکا لیناعمران نیازی کی بڑی بھول ہے، گردن کٹ جائےگی لیکن کبھی جھکے گی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی اقدام پر سلیکٹڈ وزیراعظم نے کوئی ایکشن نہیں لیا، اپوزیشن نےفیصلہ کیا کہ کشمیری بھائیوں کے لیے ایک آواز بنیں گے مگرحکومت نے اتحاد کو انتقام کی بھینٹ چڑھا دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مریم نوازباقاعدہ نیب میں پیش ہوتی رہیں،انہوں  نے نیب میں پیشی کےلیے وقت مانگا تھا، کیا نیب ایک دن بھی انتظار نہیں کرسکتا تھا؟

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایک بدترین اقدام کیا ہے، بغیر کسی خوف کے کہنا چاہتا ہوں کہ کشمیر کا سودا کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والے تمام ہاتھ، چاہے وہ مودی ہو یا کوئی اور ہو، قوم ان ہاتھوں کو توڑ ڈالے گی، ہم کشمیر سے لے کر معاشی ترقی تک اور جوہری پروگرام کا اپنے خون سے دفاع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر معاملے میں دیوار سے لگایا گیا اور مزید لگا لیں لیکن آخر میں چیخیں ان کی ہی نکلیں گی اورہم اپنے مشن پر قائم رہیں گے۔

پوری قوم بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کےلیے تیار ہے،  علی محمد خان

وزیر مملکت علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ چند دن ہوئے ہیں پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔

قائد حزب اختلاف کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کےلیے تیار ہے، یہ ذاتی مسئلے پیش کرنے کا موقع نہیں ہے، ایوان اس لیے نہیں کہ یہاں بد عنوانی کے کیسز کی صفائیاں دی جائیں،اپنی صفائی میں جواب نیب کو دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سےچند سال پہلے کیا عمران خان نے مودی کو بلایا تھا؟ مسلمانوں کے قاتل کو شادی میں بلا کر ساڑھیاں تحفے میں دیتےہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا آج ملک کی عدالتیں آزاد نہیں ہیں، آپ نے جرم کیا ہے یا نہیں ہمارا اس سے تعلق نہیں، پانامہ کیس ہم نے نہیں بنایا تھا،
اپنے کیس عدالتوں میں لڑیں ایوان کو پاکستانیوں کے مفاد میں استعمال کریں۔

علی محمد خان نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں آصف زرداری کی بات پردکھ ہوا،ہجرت سنت رسول ہے،مہاجربہن بھائیوں کو خود سے بہتر پاکستانی سمجھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ صدر اور وزیراعظم بنے یہ مہاجروں کی قربانیاں ہیں، مہاجروں نے پاکستان بنایا، ہمیں ان پر فخر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے آپ کے خزانے میں کیا تھا اور آج کیا ہے؟ آپ کے پاس بنگلے اور کوٹھیاں کہاں سے آئیں؟ یہ سب آپ نے قوم کا خون چوس پر بنایا ہے۔

بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے قومی  اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔


متعلقہ خبریں