مریم نواز کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور


لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور یوسف عباس کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈر منظور کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت نے نیب کو دونوں رہنماؤں کو 21 اگست کو دوبارہ احتساب عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

نیب نے مریم نواز کے 15 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی تھی۔

سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے کہا کہ مریم نواز چوہدری شوگر مل کی ڈائریکٹر ہیں، ان کے شئیرز 84 لاکھ سے 41 کروڑ روپے کے ہو گئے اور شئیر خریداری کی رقم کے بارے میں معلومات نہیں دی جا رہیں۔

مزید پڑھیں: رانا ثناء اللہ کا داماد گرفتار

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ تفتیش میں تعاون کے باوجود گرفتاری آئین سے متصادم ہے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے کچھ دیر بعد سنادیا گیا۔

دوسری جانب مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ن لیگی رہنماؤں اور کارکنان نے عدالت کے باہر شدید احتجاج کیا جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے۔

پولیس اہلکاروں نے لیگی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ بخاری کو روکنے کی کوشش کی جس پر ان کے اور اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔


متعلقہ خبریں