انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے ہوجائیں ہوشیار


اسلام آباد: انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے دی گئی مہلت کا آج آخری دن ہے جس کے بعد انہیں جمع نہ کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں دو اگست کے بعد نو اگست تک توسیع کا مقصد تھا کہ زیادہ سے زیادہ افراد فائدہ اُٹھا سکیں اور گوشوارے جمع کرا دیں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مالی سال 2018 کے گوشوارے  9 اگست تک جمع کرائےجاسکتے ہیں۔ گوشوارے جمع کرانے کے لیے پہلے 2 اگست تک مہلت دی گئی تھی تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے اس میں 9 اگست تک توسیع کی گئی۔ توسیع کا مقصد انفرادی اور کاروباری افراد اور کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانا تھا۔

ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 17 لاکھ تھی۔ اس سال ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

2 اگست تک دی گئی مہلت کے دوران ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے بوجھ کے باعث ایف بی آر کی ویب سائٹ نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ ایف بی آر ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ وفاقی حکومت  اور ایف بی آر معیشت کو دستاویزی شکل میں لانے اور زیادہ سے زیادہ ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ مییں لانے  کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے حکومت نے غیر اعلانیہ اثاثوں کو ظاہر کرنے  اورکالا دھن سفید کرنے کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا جس سے ہزاروں لوگوں نے فائدہ اُٹھایا تھا۔


متعلقہ خبریں