عوام کے لیے خوشخبری، عید الاضحیٰ پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے تینوں دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کسی قسم کی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جائے گی اور 11 اگست کی شام سے 14 اگست کی شام تک پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی سطح پر کسی بھی قسم کی خرابی کو دور کرنے کے لیے ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں گی۔ عید کے دنوں میں شہریوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا کرنے سے بچانے کے لیے ملازمین کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور مانیٹرنگ کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے لیے 12 سے 15 اگست تک چھٹیوں  کا اعلان بھی کیا تھا۔ وفاقی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق  پیر سے جمعرات تک عید الاضحیٰ کی چھٹیاں ہوں گی جبکہ  جمعہ 16 اگست کو سرکاری دفاتر کُھلیں گے۔


متعلقہ خبریں