عید پر چھٹیاں نہیں کروں گا بلکہ فیلڈ میں جاؤں گا،عثمان بزدار

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ وہ عید پر چھٹیاں نہیں کریں گے بلکہ فیلڈ میں جائیں گے۔ انہوں نے کہاہے کہ وہ کسی بھی شہر جا کر صورتحال کا خود جائزہ لیں گے۔ 

آج لاہور میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔رواں برس انتظامات کو خوب سے خوب تر ہونا چاہیئے اور عوام کو ریلیف نظر آنا چاہیئے۔

اجلاس میں عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی اقدامات اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ عید اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے۔علاقائی صورتحال کے تناظر میں پولیس اور سکیورٹی سے متعلقہ سول ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی۔ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ہوائی فائرنگ کے واقعات کے سدباب کیلئے پولیس کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔بارشوں کے پیش نظر ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔  مویشی منڈیوں میں بھی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ آلائشوں کو بروقت مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔بڑے شہروں میں سپرے بھی کرایا جائے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ  انتظامیہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران صفائی کے انتظامات کو خود مانیٹر کریں۔لاہور اور بڑے شہروں میں صفائی کے انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔آپ کو شہر صاف ستھرا رکھنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا  عوام کو کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔جہاں بھی کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ ہو وہاں فی الفور تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ مویشی منڈیوں کی خصوصی سکریننگ کرتے ہوئے جراثیم کش سپرے کیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعلی کو بریفنگ دی گئی کہ صفائی کے انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کیلئے صوبائی سطح پر کنٹرول روم بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ کنٹرول روم عید کے ایام میں 24 گھنٹے فعال رہے گا۔

چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور اعلیٰ حکام کی اجلاس میں شرکت کی ۔

کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ایم ڈیز نے  ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو زرداری کا نماز عید مظفر آباد میں ادا کرنے کا فیصلہ


متعلقہ خبریں