پاکستان 2020 میں ورلڈ ٹور ازم فورم کی میزبانی کریگا


اسلام آباد: پاکستان 2020 میں ورلڈ ٹور ازم فورم کی میزبانی کریگا۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان  اور ورلڈ ٹورازم کے ایک وفد  نے ملاقات کے  موقع پر کیا گیا۔

ورلڈ ٹور ازم کے وفد نے بولوٹ باکسی کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔  وفد نے وزیراعظم سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے متعلق کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بات کی۔

استنبول میں قائم تنظیم ورلڈ ٹور ازم فورم دنیا بھر میں سیاحت کے فروغ کے لیے کام کررہی ہے۔

پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے چیٔرمین ذولفی بخاری بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔

وفد سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کے سیاحتی مقامات  کو اُجاگر کرنے کے لیے اقدامات نہیں کئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے  بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آٹھ نئے سیاحتی مقامات ( ِرزورٹس) تعمیر  کیے جائینگے۔

ذولفی بخاری نے ورلڈ ٹور ازم کے وفد کو موجودہ حکومت کی جانب سے سیاحت کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ  پاکستان  دنیا کا نیا سیاحتی کھلاڑی بننے کی راہ پر گامزن ہے اور جلد سیاح کی ایک بڑی تعداد پاکستان کا رخ کریگی۔

یہ بھی پڑھیے: وادیٔ نیلم کا جادوئی سیاحتی مقام رتی جھیل

ایک رپورٹ کے مطابق 2015 میں 563,000 غیر ملکی سیاح پاکستان آئے۔ یہ تعداد 2016 میں بڑھ کر 965,000 اور 2017 میں سولہ لاکھ تک جا پہنچی۔  رپورٹ کے مطابق 2018 میں اُنیس لاکھ  غئر ملکی سیاح اور بیروں ملک مقیم پاکستان آئے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے 175 ممالک کے لیے نئی ویزہ پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ نئی ویزہ پالیسی کے تحت  مختلف ممالک کے افراد پاکستان آنے کے لیے آن لائن ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں