آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیر کی ملاقات


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیرشکراللہ عاطف مشعال  کی ملاقات ہوئی ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ افغان سفیر شکر اللہ عاطف مشعال نے جنرل ہیڈکوارٹر(جی ایچ کیو)راولپنڈی  میں آرمی چیف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیااوراس موقع پرعلاقائی امن و سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ 2جولائی کو روسی بری افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل اولیگ سالیکوف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے  ملاقات کی تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی ہم منصب کی ملاقات میں سیکیورٹی اور تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان  سیکیورٹی اور تربیتی امور میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعاون سے پورے خطے میں امن و استحکام  کی صورتحال بہتر ہو گی اور اقتصادی خوشحالی آئے گی۔

روسی فوج  کے سربراہ جنرل اولیگ سالیکوف نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں لائق تحسین ہیں، دنیا کو پاکستان کی کامیابیوں کا معترف ہونا چاہئیے۔

جنرل سالیکوف نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ مضبوط اور وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر روسی فوج کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل سالیکوف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔

یہ بھی پڑھیے: روسی بری افواج کے کمانڈر کی آرمی چیف سےملاقات


متعلقہ خبریں