سندھ: عید کی چھٹیوں میں صرف ایک دن سی این جی نہیں ملے گی

سندھ: سی این جی اسٹیشنز اچانک پیر تک بند کرنے کا اعلان

فائل فوٹو


کراچی : سندھ کے سی این جی صارفین کے لیے خوشخبری آئی ہے۔ عید کی چھٹیوں کے دوران آئندہ ہفتے صرف ایک دن سی این جی اسٹیشن بند ہوں گے۔ 

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی طرف سے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیاہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عید کے موقع پر تمام سی این جی اسٹیشنز اگلے ہفتے صرف 1 دن بند رہیں گے۔

سی این جی اسٹیشن صرف جمعہ 16 اگست کو 24 گھنٹے کے لیے بند ہوں گے۔

ادھر وفاقی حکومت نے بھی عیدالاضحیٰ کے تینوں دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کسی قسم کی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جائے گی اور 11 اگست کی شام سے 14 اگست کی شام تک پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی سطح پر کسی بھی قسم کی خرابی کو دور کرنے کے لیے ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں گی۔ عید کے دنوں میں شہریوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا کرنے سے بچانے کے لیے ملازمین کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور مانیٹرنگ کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے لیے 12 سے 15 اگست تک چھٹیوں  کا اعلان بھی کیا تھا۔ وفاقی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق  پیر سے جمعرات تک عید الاضحیٰ کی چھٹیاں ہوں گی جبکہ  جمعہ 16 اگست کو سرکاری دفاتر کُھلیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: عوام کے لیے خوشخبری، عید الاضحیٰ پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی


متعلقہ خبریں