کشمیر کی صورتحال: چیئرمین سینیٹ کا مختلف ممالک میں وفود بھیجنے کا فیصلہ

صادق سنجرانی دوسری مرتبہ چیئرمین سینیٹ منتخب

اسلام آباد:  چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کشمیر کی موجودہ صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے اہم پارلیمانی اداروں اور ممالک میں ایوان بالا کے خصوصی وفود بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ فیصلہ سینیٹ میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے کیاہے۔

ایوان بالا کے خصوصی وفودبھارت کی ہٹ دھرمی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برعکس کشمیر کی موجودہ حیثیت کو تبدیل کرنے سے متعلق آئینی تبدیلی سے آگاہ کرنے مختلف ممالک کا دورہ کرینگے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ یہ وفود امریکہ، روس، بین الاپارلیمانی یونین، یورپین یونین اور اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی بھیجے جائیں گے جس کے لئے پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے۔

امریکہ جانے والے وفد کے سربراہ سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر فاروق حمید نائیک جبکہ اُن کے ساتھ ارکان میں سینیٹر نعمان وزیر اور سینیٹر انوار الحق کاکڑ شامل ہیں۔

روس کیلئے ترتیب دیئے گئے وفد کی سربراہی سینیٹر بیرسٹر محمد علی خان سیف کریں گے جبکہ وفد میں سینیٹر سسی پلیجو اورسینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم شامل ہیں۔

بین الا پارلیمانی یونین کی قیادت سے ملاقاتوں کیلئے جانے والے وفد کی قیادت سینیٹر محسن عزیز کریں گے جبکہ اُن کے ساتھ سینیٹر گیان چند اور سینیٹر آغا شاہ زیب درانی وفد کا حصہ ہونگے۔

یورپین یونین سے رابطوں کیلئے سینیٹر مشاہد حسین سید وفد کی قیادت کریں گے جبکہ سینیٹر ولید اقبال، سینیٹر ہلال الرحمان اور سینیٹر سرفراز احمد بگٹی اُن کے ساتھ ہونگے۔

اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے سامنے کشمیر کی حالیہ صورتحال کو پیش کرنے کیلئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق وفد کے سربراہ ہونگے جبکہ اُن کے ساتھ ارکان میں سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر عبدالغفور حیدری، سینیٹر سراج الحق اور سینیٹر حافظ عبدالکریم شامل ہونگے۔

یہ بھی پڑھیے: مقبوضہ کشمیرپر چین نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید کی، شاہ محمود


متعلقہ خبریں