گرفتاری سے خوفزدہ نہیں ہوں، مراد علی شاہ



کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے خوفزدہ نہیں ہوں کیونکہ مجھے یقین ہے کچھ غلط نہیں کیا،اگر کچھ کیا ہے تو اس کا جواب دینے کو تیار ہوں۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامرضیاء سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ عدالت میں کیس شروع ہونے سے جے آئی ٹی رپورٹ مکمل ہونے تک نہ کبھی بلایا گیا اور نہ ہی کوئی سوال پوچھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ابتدائی طور پر بلاول بھٹو اور میرا نام جے آئی ٹی سے نکالنے کا کہا لیکن یہ بات تحریری فیصلے میں شامل نہیں تھی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ احتساب کے نعروں کی وجہ سے خوف پیدا ہوگیا ہے جس سے پورا پاکستان رکا ہوا ہے، کوئی فیصلے کرنے کی ہمت نہیں کررہا ہے۔ نظام مفلوج ہوچکا ہے، یہ وزیراعظم کے سامنے بھی کہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ وزیراعظم سے اکیلے میں آخری ملاقات نومبر میں ہوئی ہے، ایک مشترکہ اجلاس میں بلایا گیا ہے اس کے علاوہ کسی اجلاس میں بلانا مناسب نہیں سمجھا گیا۔ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہر نوے میں ہونا چاہیے لیکن نومبر کے بعد کوئی اجلاس نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سے پہلے اجلاس میں کچھ تجاویز دیں تو کہا گیا کہ آپ سب سے زیادہ بولتے ہیں لیکن اس رویے سے ایک صوبہ اور پورا ملک متاثر ہورہا ہے۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ کچھ بات کرلیتے ہیں جبکہ پنجاب اورخیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کی نمائندگی بھی کرتا ہوں کہ انہیں بولنے کی اجازت نہیں ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کررہے ہیں اس لیے عوام ووٹ دیتے ہیں، 2018 میں تاریخ میں پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں جتیں اور ووٹ لیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے بڑا مسئلہ اساتذہ ہیں، ہمارے پاس ایک لاکھ 30 ہزار اساتذہ ہیں لیکن پڑھانے کے قابل کتنے ہیں اس کا ہمیں نہیں پتہ، کسی کو نکالیں تو وہ عدالتوں سے اسٹے لے لیتا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزارتوں میں تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ کون کہاں زیادہ بہتر کام کرسکتا ہے۔ خراب کارکردگی پر کسی بھی وزیرکونکال دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بحران میں ہے لیکن ہم تنہا ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وزیراعظم جہاں جاتے ہیں اپنی برائی کرکے آتے ہیں جس سے دنیا میں ہماری ساکھ ختم ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سندھ کی جیلوں میں موجود قیدیوں کیلئے خوشخبری


متعلقہ خبریں