سوموار کی صبح تک ملک کے اکثر علاقوں میں بارش کی پیشین گوئی

دو روز سے جاری بارشوں سے 31 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

فائل فوٹو


محکمہ موسمیات نے آج سے سوموار کی صبح کے دوران سندھ  ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان ،جنوبی پنجاب، بالائی پنجاب  گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیزآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران میرپورخاص، ٹھٹھہ، حیدرآباد، کراچی، شہید بینظیرآباد ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا،فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیزآندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملتان، ڈی جی خان ڈویژن، خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال، بہاولپور، سکھر، لاڑکانہ، مکران، کوئٹہ، ژوب، قلات، سبی ، نصیرآباد ڈویژن اور گلگلت بلتستان میں چند مقامات پرآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آج سے اتوار کے دوران زیریں سندھ(میرپورخاص، ٹھٹھہ، حیدرآباد، کراچی اور شہید بینظیرآباد ڈویژن)، قلات، ژوب، سبی اور نصیرآباد ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

آج  سے ہفتہ کے دوران ہزارہ، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد ڈویژن ، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح آج سےاتوار کے دوران موسلادھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے جبکہ اس دوران قلات، سبی، ژوب اور نصیرآباد ڈویژن میں مقامی دریاوٰں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

جمعہ سے ہفتہ کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریاؤں ،برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اس دوران پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگلت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد میں اکثر مقامات پر جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال،ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، کراچی، میرپورخاص، حیدر آباد، ٹھٹھہ ڈویژن، کشمیر میں کہیں کہیں، اور مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، قلات، ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش  اسلام آباد  میں سید پور کے مقام پر66، زیروپوائنٹ39، گولڑہ 22 اورائرپورٹ پر 21 ملی میٹرریکارڈ ہوئی ، سیالکوٹ ائرپورٹ53، سٹی42، جہلم45، نارووال45، نورپورتھل32،گجرات28، حافط آباد24، لاہورسٹی میں 21 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اسی طرح خانیوال21، بہاولپور 16،خان پور11، فیصل آباد07، ملتان، جھنگ04، مری03، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راولپنڈی، گوجرانوالہ02، منڈی بہاوٗالدین01، سندھ میں  کالوئی20، ڈیپلو17، ٹھٹھہ11، چھور 07، بدین05، چھاچھرو04، مٹھی03، میرپورخاص02، کراچی میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

خیبر پختونخواکے علاقوں  بنوں27، مالم جبہ18، بالاکوٹ13، پاراچنار 12، بلوچستان میں  بارکھان19، خضدار04، کشمیر کے علاقوں  گڑھی دوپٹہ15، راولاکوٹ11، مظفر آباد 09، ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آج ریکارڈ کیےگئےگرم ترین مقامات میں پٹن 44، نورپورتھل، تربت اور نوکنڈی میں درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں