نواز شریف کی ذاتی رہائش گاہ جاتی امراء کے باہر موجود سیکیورٹی کیبن ہٹا دیئے گئے


لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی ذاتی رہائش گاہ جاتی امراء کے باہر قائم سیکیورٹی کیبنز اور کمروں کو گرانے کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے اور وہاں موجود سیکیورٹی کیبن ہٹادیئے گئے ہیں۔ 

اس کارروائی کا آغاز لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیاہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نون لیگ ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ سے بھی سیکیورٹی کے نام پر تجاوزات ہٹا دی گئی تھیں۔

دوسری طرف پنجاب بھر میں سرکاری زمینوں ناجائز قابضین کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ محکمہ اینٹی  کرپشن نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے چوہدری محمد اشرف اور اس کے بھتیجوں سے تقریباً92 کروڑ مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کروانے کا دعوی کیاہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن ذرائع کا کہناہے کہ چوہدری محمد اشرف ایم این اے سے 36 ایکڑ 6 کنال سرکاری رقبہ واگزار کروایا گیا۔ ایم این اے چوہدری محمد اشرف اور دیگر کو بار بار طلب کیا گیا مگر وہ زمین کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ پیش نہ کر سکے۔

ڈسٹرکٹ کلکٹر احمدکمال مان نے جعلی الاٹمنٹ منسوخ کرکے زمین واگزار کروانے کا حکم دیا۔ اینٹی  کرپشن حکام نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کروالی۔

چوہدری محمد اشرف ایم این اے مسلم لیگ ن نے عارفوالا چک نمبر 61-EB میں واقع زمین پر جعلی الاٹمنٹ کے ذرائع قبضہ کر رکھا تھا۔ ڈائریکٹر انٹی کرپشن ساہیوال نے انکوائری کے بعد سرکاری زمین واگزار کروانے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیے: نواز شریف کے کزن کی جائیداد نیلامی کا معاملہ، سماعت 19 اگست تک ملتوی


متعلقہ خبریں