بابر اعظم نے سنچری اسکور کر کے دھوم مچا دی


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابر اعظم نے انگلینڈ میں جاری ویٹالیٹی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سنچری داغ دی۔

گزشتہ روز سمرسٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے سلامی بلے باز نے اپنی بہترین فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور 55 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔

بابر اعظم کی بہترین بلے بازی کی بدولت سمرسیٹ نے ہیمپشائر کو جیت کے لئے 202 رنز کا ہدف دیا اور ان کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے.


جواب میں ہیمپشائر کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا اور 12ویں اوور کے اختتام پر انہوں نے 69 رنز اسکور کئے جبکہ اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے، اس دوران بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔

بابر اعظم اس وقت ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔ انہوں نے 42 کی اوسط اور 123 کے اسٹرائیک ریٹ کی مدد سے 8 میچز میں 425 رنز بنا لیے ہیں۔

بابر کے بعد آسٹریلین وکٹ کیپر بلے باز ڈارسی شارٹ کا نمبرآتا ہے جو ان سے 99 رنز کی دوری پر کھڑے ہیں۔

سمرسیٹ ٹیم کے کپتان نے بابر کی عمدہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ پاکستانی بلے باز کیوں ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بلے باز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر بقیہ تمام ٹیم سے ایک الگ ہی کرکٹ کھیل رہے ہیں جس طرح وہ صفائی سے شاٹ کھیلتے ہیں اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں