جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی، شیخ رشید


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غلط فیصلے سے سری نگر قبرستان بن جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ سری نگر میں بھارت کا سیاسی، معاشی اور آئینی جنازہ نکل جائے گا، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے تمام دروازے بند ہو چکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے ہم ثابت کریں کشمیر ہمارا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی افواج نے پیلٹ گنز سے کشمیریوں کو بے نور کرنا شروع کردیا

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آج مودی دنیا میں ہٹلر کی کاپی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس نے بھی کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہورہا ہے جبکہ سعودی عرب، بحرین، عمان اور ملائیشیا نے معاملے پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان امریکہ معاملات جلد حل ہوتے دیکھ رہا ہوں، افغانستان سے نکلنے کی طالبان سے زیادہ اب امریکہ کو جلدی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مودی نے خودکشی کا فیصلہ کرلیا ہے اور کشمیر کے فیصلے پر بہت مشکل میں آئے گا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو اگر جیل گئے تو وہ تحریک چلائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سجھوتہ اور تھر ایکسپریس کی بحالی کی بھارت کی درخواست مسترد کرتے ہیں، جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس  نہیں چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھائی ہیں اور ان سے صلح ہو گئی ہے۔

سینیٹ الیکشن کے دوران صادق سنجرانی کی کامیابی کے حوالے سے وزیر ریلوے نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں تعویذ کام کر گئے، پہلے ہی کہا تھا صادق سنجرانی جیتیں گے۔


متعلقہ خبریں