وطن کے لیے جان دینا سب سے عظیم قربانی ہے، آرمی چیف



راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاع وطن کے لیے جان وار دینا سب سے عظیم قربانی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہداء کے گھروں پر حاضری دی اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

آرمی چیف شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، شہید لیفٹیننٹ کرنل وسیم اور شہید سپاہی غلام رضا کے گھروں پر گئے اور تمام شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ اپنے شہداء کو یاد رکھنا افواج اور پوری قوم کے حوصلے کو بڑھاتا ہے اور دفاعِ وطن کے لیے جان وار دینا سب سے عظیم قربانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے اہلخانہ کی عظیم قربانی کا شکریہ ادا نہیں کر سکتے تاہم شہداء کے اہلخانہ کی عمر بھر کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ لیفٹیننٹ کرنل ویسم 30 جولائی کو راولپنڈی میں تربیتی طیارے کو حادثے میں شہید ہو گئے تھے۔ حادثے میں 2 پائلٹ، عملے کے 5 افراد سمیت 18 افراد شہید ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں امن دشمن بوکھلاہٹ کا شکار ہے، آرمی چیف

لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ رواں سال 7 جون کو شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں شہید ہو گئے تھے۔ جس میں 3 افسران سمیت 4 فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

سپاہی غلام رضا یکم مارچ 2019 نے پاک بھارت سرحد پر بھارتی فوج کی بلا اشعال فائرنگ کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔


متعلقہ خبریں