آسٹریلیا نیوزی لینڈ کا ٹی ٹوئنٹی ٹاکرا،دو عالمی ریکارڈ بن گئے


آکلینڈ: آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کینگروز نے میزبان ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کر لی ہے۔

آسٹریلیا نے سب مختصر فارمیٹ کے میچ میں بین الاقوامی اسکور کے تعاقب میں عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

میچ کے آغاز میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کیوی بلے باز اننگ کا آغاز کرنے میدان میں آئے تو دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو بڑے ٹوٹل کی جانب لے گئے۔

مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کھیل کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ کی شراکت میں 132 رنز بنا ڈالے۔

میچ کے دسویں اوور میں منرو میکس ویل کی گیند پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کیویز کی جانب سے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹم سیفرٹ تھے۔ جو محض 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مارٹن گپٹل نے 74 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے شاندار 105 رنز بنائے۔

گپٹل کے بعد دیگر کھلاڑی جم کر نہ  کھیل سکے۔ لیکن ٹیم اسکور کو اچھے ٹوٹل تک لے جانے میں کامیاب رہی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے۔

آسٹریلوی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں میدان میں آئی تو اوپنرز ڈارسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگ کا دھواں دھار آغاز کیا اور مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کر لیا۔

اوپنر بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز جوڑے۔ ڈیوڈ وارنر آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ جنہوں نے 43 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔

ڈارسی شارٹ 84 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 76 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

ایرون فنچ 36، گلین میکس ویل 31  اور کرس لین 18 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانےوالے میچ میں دونوں جانب سے کل 36 چھکے لگے جو ایک مشترکہ عالمی ریکارڈ ہے۔

سہ فریقی سیریز نیوزی لینڈ میں جاری ہے جس میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا  دونوں ٹیموں کے خلاف کھیلے گئے چاروں میچز میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جب کہ نیوزی لینڈ نے 3 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں کامیابی اور دو میں ناکامی کا سامان رہا اور 2 پوائنٹس کے ساتھ وہ دوسرے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا سے سیریز کا فائنل کھیلنے کے لئے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان فائنل ٹاکرا ہوگا اور کامیاب ٹیم ہی کینگروز سے سیریز کے فائنل میں مدمقابل ہوگی۔


متعلقہ خبریں