فلم ’سپراسٹار‘ پاکستان کے تاریخی ورثے کو بھی متعارف کرائے گی

ماہرہ خان، بلال اشرف کی فلم ’سپر اسٹار‘ بڑی عید پر دھوم مچائے گی

ہم نیٹ ورک اپنے ناظرین کو ڈراموں اور فلمز کے ذریعے بہترین تفریح فراہم کرنے میں اپنی مثال آپ ہے البتہ پشاور کے تاریخی مقامات پر فلم ’سپر اسٹار‘ کی عکسبندی کے ذریعے پاکستان کے تاریخی ورثے اور سیاحت کو فروغ دینے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

جنوبی ایشیا کے قدیم ترین شہروں میں پشاور کو ایک زندہ شہر کی حثیت حاصل ہے، یہ شہر اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثہ کے باعث خصوصی اہمیت کا حامل ہے، مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم ’سپراسٹار‘ میں تاریخی ورثہ قرار دیے جانے والے تعمیراتی شاہکار سیٹھی ہاؤس اور اسلامیہ کالج کو متعارف کرائے گئے ہیں جہاں اس فلم کے خوبصورت مناظر عکسبند کئے گئے ہیں۔

ہیریٹیج ٹریل گھنٹہ گھر اور گندھارا تہذیب کے مرکزپشاور میوزیم میں فلم کی ہیروئن مائرہ خان اور ہیرو بلال اشرف پر گانا بھی فلمایا گیا ہے۔

عید الاضحیٰ پر سینما گھروں کی زینت بننے والی سپراسٹار کی اداکارہ مائرہ خان کہتی ہیں کہ پشاور میں فلم کی شوٹنگ کرنا خوشگوار تجربہ رہا، انہوں نے پشاوریوں کی مہمان نوازی کی دل کھول کر تعریف کی، اسی طرح نامور اداکار ندیم بیگ اور فلم کے ہیرو نے بھی پشاور اور یہاں کے باسیوں کو دل کھول کر سراہا ہے۔

پشاور کے علاوہ خیبر پختونخوا کے خوبصورت سیاحتی مقام گلیات میں بھی فلم کا کچھ حصہ فلمایا گیا ہے، ان علاقوں میں فلم کی شوٹنگ محکمہ سیاحت اور آثار قدیمہ خیبر پختونخوا کے تعاون سے کی گئی ہے۔

بہترین نغموں، دل فریب رقص، مسحور کر دینے والی کہانی، دلکش اداکاری اور شاندار ہدایت کاری سے سجی فلم ’سپراسٹار‘ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پورے ملک کے سینما گھروں میں جلوہ گر ہو گی۔


متعلقہ خبریں