عیدالاضحیٰ : کوئٹہ میں سیکیورٹی انتظامات مکمل


بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نمازعید کے موقع پر عیدگاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق کے مطابق شہرمیں 258 عید گاہیں ہیں جن میں 184 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ  223 مساجد اور امام بارگا ہوں کی حفاظت کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید کے موقع پر تمام عید گاہوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے، اس کے علاوہ گیٹ پر رضاکاروں کی مدد سے نمازیوں کی فرداً فرداً تلاشی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عید گاہ آنے والے نمازیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ کوئی شاپنگ بیگ وغیرہ نہیں لا سکتے اور نہ ہی کسی کو عید کا سامان اندر لے جانے کی اجازت ہو گی۔

اسی طرح سیکیورٹی پلان کے تحت گاڑیوں کی پارکنگ 200 میٹر دور ہو گی جہاں نمازیوں کو اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کھڑی کرنے کی اجازت ہو گی۔

آئی جی کوئٹہ کے مطابق عید کے موقع پر کوئٹہ شہر کی سیکیورٹی کے لیے بھی سخت انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر 1600 سے زیادہ پولیس اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زیادہ ٹریفک پولیس اہلکار بھی شہر کے مختلف مقامات پر عید کے دنوں میں خدمات سر انجام دیں گے۔


متعلقہ خبریں