کراچی میں مسلسل بارش اور سیلابی صورتحال، فوج طلب کر لی گئی


کراچی: شہر قائد میں جاری بارشوں کے سلسلے نے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی ہے، متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔

اس وقت پاکستان آرمی کی تین ٹیمیں صدر میں، دو کیماڑی میں جبکہ  ڈیفنس اور کلفٹن میں ایک ایک ٹیم موجود ہے جو پانی میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کی کوشش کر رہی ہے، دیگر علاقوں میں پاک فوج کی 15 سے زائد ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

24 گھنٹوں سے جاری بارش کی وجہ سے شاہ فیصل تھانہ مکمل زیر آب آ گیا، پولیس ملازمین نے کام چھوڑ دیا ہے، اہم دستاویزات اور دیگر سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی علی رضا کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ کورنگی کے چار تھانوں میں پانی کا ریلا داخل ہو گیا ہے جن میں شاہ فیصل کالونی، زمان ٹاؤن تھانہ، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور ماڈل کالونی تھانہ شامل ہے۔

کورنگی کراسنگ پر ملیر ندی میں طغیانی آ گئی ہے جس میں ایک خاندان سیلابی ریلے میں پھنس گیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لوگوں کے منع کرنے کے باوجود ایک شخص نے اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ ندی عبور کرنے کی کوشش کی تاہم تمام افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے، اایدھی کے رضاکار اور پاک فوج کے جوانوں نے بہت کوشش کے بعد تمام افراد کو بچا لیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے بیشتر علاقوں میں 150 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بارش برسانے والا نظام کراچی کے جنوب مغرب سے نکل کر سمندر میں داخل ہو گیا ہے تاہم اس کا اثر ابھی تک کراچی میں موجود ہے، حیدرآباد،ٹھٹہ، میرپورخاص اور دیگر علاقوں میں بھی اچھی بارش ہوئی ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق آج شام تک شہر میں تیز بارش کے دو مزید اسپیل کا امکان ہے، رات سے صبح تک ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں سب سے زیادہ بارش کراچی میں جبکہ دوسرے نمبر پر ٹھٹھہ میں بارش ہوئی، کراچی میں سب سے زیادہ 151 ملی میٹر بارش سرجانی ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں